ساہیوال
کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کیلئے یونیورسٹی آف ساہیوال میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل کی سربراہی میں ایک خصوصی واک کی گئی جس میں تمام فکیلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔واک اکیڈمک بلاک سے شروع ہو کر ایڈمنسٹریشن بلاک تک ہوئی جس میں شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر آزادی کشمیر اور جدوجہد آزادی کے حق میں نعرے درج تھے ۔ریلی کے شرکاءتمام راستے نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے اقوام عالم کے جاگنے کے منتظر ہیں جنہوں نے اپنی آنکھوں پر مفادات کی پٹی باندھ کر خونخوار بھارتی افواج کو نہتے عوام پر ظلم و ستم کیلئے کھلا چھوڑا ہوا ہے ۔انہوں نے پاکستانی قوم خصوصاً طلباءو طالبات سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں تا کہ کشمیریوں کے حق میں آواز کو مزید توانا اور مضبوط کیا جاسکے ۔واک کے اختتام پر شرکاءنے کشمیری عوام کی جدوجہد کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔